سڈنی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم بھارت میں “وسیم اکرم” نامی شخص کی گرفتاری کی خبر میں اپنی تصویر چلانے پر بھارتی میڈیا پر برس پڑے۔
“ڈبل چیک کرلیا کریں، میں جاسوس نہیں!” — وسیم اکرم
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں وسیم اکرم نے کہا کہ
“میں سب کو ایک مفت مشورہ دے رہا ہوں کہ اگر سوشل میڈیا پر وسیم اکرم کے نام سے کوئی اور شخص موجود ہے تو ڈبل چیک کرلیا کریں۔”
انہوں نے بتایا کہ بھارتی میڈیا نے ہریانہ میں گرفتار ایک شخص کی خبر میں غلطی سے ان کی تصویر استعمال کی ہے۔
وسیم اکرم نے کہا،
“ہمسایہ ملک میں کوئی جاسوس پکڑا گیا ہے جس کا نام وسیم اکرم ہے، اور نیوز چینلز میری تصویر لگا رہے ہیں۔”
“کون لوگ ہو تُسی؟ کوئی چیک نہیں، کوئی بیلنس نہیں!”
وسیم اکرم نے طنزیہ انداز میں پنجابی میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا:
“کون لوگ ہو تُسی؟ کِتھوں آئے ہو؟ کوئی چیک نہیں، کوئی بیلنس نہیں، الٹے لوٹ پوٹ ہو کے کمنٹ پہ کمنٹ! یہ دیکھے بغیر کہ وہ میرا اکاؤنٹ نہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ لوگ بلاوجہ اپنی جان پر عذاب نہ ڈالیں بلکہ ریلیکس رہیں اور پہلے تصدیق کرلیا کریں۔
بھارتی میڈیا کی غلطی
خیال رہے کہ بھارتی ریاست ہریانہ میں چند روز قبل پولیس نے وسیم اکرم نامی ایک یوٹیوبر کو پاکستان کے لیے مبینہ جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
تاہم بھارتی میڈیا کے کئی اداروں نے اس خبر میں سابق پاکستانی فاسٹ بولر وسیم اکرم کی تصویر چلا دی، جس پر سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہوگیا