راولپنڈی: اورکزئی کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل اور سیکنڈ ان کمانڈ میجر سمیت 11 بہادر جوان شہید ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 19 دہشتگرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب کیا گیا۔ کارروائی کے دوران فورسز نے بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 11 جوانوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق (جو فرنٹ سے ٹیم کی قیادت کر رہے تھے) اور سیکنڈ ان کمانڈ میجر طیب راحت شامل ہیں۔
شہید ہونے والے دیگر جوانوں کے نام درج ذیل ہیں:
• نائب صوبیدار اعظم گل
• نائیک عدیل حسین
• نائیک گل امیر
• لانس نائیک شیر خان
• لانس نائیک طالش فراز
• لانس نائیک ارشاد حسین
• سپاہی طفیل خان
• سپاہی عاقب علی
• سپاہی محمد زاہد
آئی ایس پی آر کے مطابق اورکزئی کے علاقے میں کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستانی فورسز بھارتی سرپرستی میں چلنے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔