کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ سال پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 رمضان کے بعد اپریل اور مئی میں کرانے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بورڈ دو نئی ٹیموں کی شمولیت پر بھی غور کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کا اگلا ایڈیشن ممکنہ طور پر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے شیڈول کے ساتھ ہی ہوگا۔ پی ایس ایل اور آئی پی ایل کے میچز کی تاریخوں میں ممکنہ ٹکراؤ کے باعث کئی بین الاقوامی کھلاڑیوں کو دونوں میں سے کسی ایک لیگ کا انتخاب کرنا پڑ سکتا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی اور پی ایس ایل فرنچائزز کے درمیان متعدد معاملات تاحال حل طلب ہیں، اور اب تک اگلے ایڈیشن سے متعلق کوئی باضابطہ میٹنگ نہیں ہوئی۔
پی سی بی کے مطابق اگلے سال کے آغاز میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی وجہ سے پی ایس ایل کو فروری یا مارچ میں کرانا ممکن نہیں۔ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز طے ہے، جس کے بعد پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔
ورلڈ کپ اور پی ایس ایل کے بعد پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے میچز ہوں گے، جبکہ بنگلادیش کے خلاف وائٹ بال سیریز مئی کے بعد متوقع ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان بھی تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز طے ہے، جس کے باعث پی سی بی نے پی ایس ایل کو اپریل اور مئی 2026 میں کرانے کی تجویز دی ہے۔
دوسری جانب، آئی پی ایل کا اگلا ایڈیشن 15 مارچ سے 31 مئی تک کھیلا جائے گا، جس کے نتیجے میں دونوں بڑی لیگز کے میچز ایک ہی عرصے میں منعقد ہونے کا امکان ہے۔