ممبئی: برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے بھارت کے لیے ویزا قوانین میں نرمی سے صاف انکار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اس وقت بھارت کے ساتھ کسی نئے ویزا معاہدے کی جانب نہیں بڑھ رہا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی وزیراعظم دو روزہ سرکاری دورے پر بھارت پہنچے، جہاں گورنر اور وزیراعلیٰ مہاراشٹرا نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
سر کیئر اسٹارمر کے ہمراہ برطانوی کاروباری شخصیات پر مشتمل وفد بھی موجود ہے جو بھارت میں تجارتی معاہدے کو آگے بڑھانے اور باہمی سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت کرے گا۔
ذرائع کے مطابق برطانوی وزیراعظم اپنے دورے کے دوران بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں تجارت، سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
بھارت روانگی سے قبل صحافیوں نے جب برطانوی وزیراعظم سے ویزا پالیسی سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے واضح کیا کہ
“برطانیہ بھارت کے ساتھ ویزا معاہدے کی طرف نہیں بڑھے گا، اور موجودہ قوانین ہی لاگو رہیں گے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ
“ویزوں کا معاملہ اس منصوبے کا حصہ نہیں ہے، ہمارا مقصد پہلے سے طے شدہ تجارتی معاہدے سے فائدہ اٹھانا ہے۔”
تجزیہ کاروں کے مطابق برطانوی وزیراعظم کا یہ مؤقف برطانیہ میں امیگریشن پالیسیوں پر بڑھتے دباؤ اور اندرونی سیاسی دباؤ کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔