اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے کی بنیاد باہمی بھائی چارے اور اخوت پر ہے، اگر ہم مل کر کام کریں تو عالمی برادری میں مضبوط مقام حاصل کر سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے یہ بات بدھ کے روز وزیراعظم ہاؤس میں سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد بن سعد آل سعود کی قیادت میں آنے والے سعودی وفد کے اعزاز میں ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ انہیں ایک بار پھر سعودی شہزادہ منصور بن محمد کو پاکستان میں دیکھ کر خوشی ہوئی۔
“ہم یہاں ایک خاندان کی طرح موجود ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ خلوص، اعتماد اور بھائی چارے پر مبنی ہے۔” — وزیرِاعظم
“سعودی عرب نے ہر آزمائش میں پاکستان کا ساتھ دیا”
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ ہر مشکل اور آزمائش میں پاکستان کا غیر مشروط ساتھ دیا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ پہلی بار 1960 کی دہائی میں سعودی عرب گئے تھے، اور حالیہ دورہ ریاض ان کے لیے منفرد اور تاریخی رہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے حالیہ ملاقات میں گرمجوشی اور خلوص کا مظاہرہ کیا۔
“ہر مسلمان مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہے، اور ہم مکہ و مدینہ کے ہمیشہ محافظ رہیں گے۔” — وزیرِاعظم
تعلقات کو تجارت اور سرمایہ کاری کی بنیاد پر وسعت دینے کا عزم
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب اپنے تعلقات کو کاروبار، سرمایہ کاری، تحقیق اور ترقی کی بنیاد پر مزید مضبوط بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان سعودی عرب سے سیکھنے اور جدید اقتصادی ماڈلز اپنانے کے مواقع سے فائدہ اٹھائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دوراندیش قیادت نے سعودی معاشرے میں نمایاں تبدیلیاں پیدا کی ہیں۔
“وقت اور حالات کسی کا انتظار نہیں کرتے، اگر ہم مل کر کام کریں تو عالمی برادری میں اپنی جگہ مضبوطی سے بنا سکتے ہیں۔” — وزیرِاعظم
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے حکام معاہدوں پر دستخط کے لیے پرجوش ہیں اور یہ وقت پاکستان کے لیے سنہری مواقع لے کر آیا ہے۔
سعودی بزنس کونسل کے چیئرمین کا اظہارِ خیال
اس موقع پر شہزادہ منصور بن محمد بن سعد آل سعود نے کہا کہ وہ پاکستان سعودی عرب مشترکہ بزنس کونسل اجلاس کے لیے پاکستان آئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان روانگی سے قبل انہوں نے سعودی عرب کے اہم وزراء سے ملاقاتیں کیں اور انہیں پاکستان میں ممکنہ اسٹریٹجک منصوبوں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے کاروباری طبقے کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
“وزیراعظم شہباز شریف نے جن شعبوں پر زور دیا ہے، ہم بھی انہی ترجیحات پر توجہ دے رہے ہیں۔” — شہزادہ منصور