راولپنڈی: پاک فوج نے واضح کیا ہے کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، جبکہ کسی بھی ’’نئے نارمل‘‘ کا مقابلہ ایک نئے، تیز اور مؤثر جوابی نارمل سے کیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 272ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔
بھارتی اشتعال انگیزی اور دہشتگردی پر تشویش
فورم نے بھارتی سرپرستی میں ہونے والے دہشتگرد حملوں کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی اور آرمی چیف نے غیرملکی اسپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے جوانوں کے عزم اور قربانیوں کو سراہا۔
فورم نے بھارتی سیاسی و عسکری قیادت کے غیرذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سیاسی مفادات کے لیے جنگی جنون پیدا کر رہا ہے، جو علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔
کور کمانڈرز نے واضح کیا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کا فوری، بھرپور اور فیصلہ کن جواب دے گا اور دشمن کی جغرافیائی برتری کے کسی تصور کو نیست و نابود کر دیا جائے گا۔
دہشتگردی اور جرائم کا گٹھ جوڑ ناقابلِ برداشت
فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج ملکی دشمنوں کے تمام مذموم عزائم کو ہر میدان میں ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، کور کمانڈرز کانفرنس نے کہا کہ مخصوص سیاسی سرپرستی میں دہشتگردی اور جرائم کا گٹھ جوڑ اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔
فورم نے اعلان کیا کہ “فتنہ الخوارج” اور “فتنہ الہندوستان” کے نیٹ ورکس کو مکمل طور پر ختم کیا جائے گا، اور اس مقصد کے لیے جامع انسدادِ دہشتگردی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
پاکستان–سعودی عرب دفاعی معاہدے کا خیرمقدم
کانفرنس نے حالیہ پاکستان-سعودی عرب دفاعی معاہدے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے اسٹریٹجک، برادرانہ اور باہمی دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، معاہدے کا مقصد بیرونی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور خطے میں امن و استحکام کے مشترکہ وژن کو آگے بڑھانا ہے۔
کشمیری اور فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی
فورم نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خود ارادیت دینے پر زور دیا۔
شرکاء نے فلسطینی عوام کے ساتھ بھی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور غزہ کے لیے انسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا۔
کانفرنس نے واضح کیا کہ مسئلہ فلسطین کا واحد حل دو ریاستی فارمولا ہے، یعنی 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس ہو۔
آرمی چیف کی ہدایات اور اعتماد
آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تمام کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، جسمانی فٹنس اور جدیدیت کا اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے پاس ہر قسم کے خطرات — روایتی، غیرروایتی، ہائبرڈ یا غیرمتوازن — کا مؤثر مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ فوج کے عزم، حوصلے اور جذبے نے ہمیشہ پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا ہے۔