جامشورو: سندھ کے ضلع جامشورو میں گیس کا نیا ذخیرہ دریافت ہوا ہے، جس سے یومیہ تقریباً 15 لاکھ مکعب فٹ (کیوبک فٹ) گیس حاصل ہونے کا امکان ہے۔
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کردہ خط کے مطابق، کنویں کا پریشر بڑھانے سے پیداوار 55 لاکھ اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ یومیہ تک پہنچ سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، یہ کنواں اکیس جولائی کو کھودا گیا تھا اور گیس کی دریافت تین ہزار 392 فٹ گہرائی پر ہوئی۔
خط میں مزید بتایا گیا ہے کہ یونائیٹڈ انرجی پاکستان لمیٹڈ 50 فیصد حصص کے ساتھ کنویں کی آپریٹنگ کمپنی ہے، جبکہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے 40 فیصد اور ایشیا ریسورسز آئل لمیٹڈ کے 10 فیصد شراکت دار ہیں۔
ماہرین کے مطابق، یہ دریافت ملک میں قدرتی گیس کی قلت کم کرنے اور انرجی سیکٹر کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔