اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان جاری لفظی گولہ باری کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے خلاف بیانات دینے سے گریز پر اتفاق کیا۔
ذرائع کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے موجودہ سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
گفتگو میں پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں سیلابی صورتحال اور اس سے نمٹنے کے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کو پاک سعودی دفاعی معاہدے اور غزہ کی تازہ صورتحال سے متعلق بھی آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود ملک کے مفاد میں باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
رابطے کے دوران وزیراعظم اور چیئرمین پیپلز پارٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی سطح کے معاملات، خصوصاً سیلاب متاثرین کی بحالی اور خارجہ پالیسی کے اہم امور پر مشترکہ مؤقف اپنایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ بیانات کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے یہ رابطہ سیاسی ماحول میں بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔