ناگپور (بھارت): بالی وُوڈ فلم ’جھنڈ‘ میں معروف اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنے والے نوجوان اداکار پریانشو کو ان کے قریبی دوست نے قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 21 سالہ پریانشو، جن کا اصل نام بابو روی سنگھ چھیتری تھا، کو بدھ (8 اکتوبر) کی صبح مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں ان کے دوست نے شراب نوشی کے دوران ہونے والے جھگڑے کے بعد قتل کیا۔
پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث ملزم کی شناخت 20 سالہ دھرو لال بہادر کے نام سے ہوئی ہے، جسے پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ دونوں آپس میں قریبی دوست تھے اور اکثر ساتھ میں شراب نوشی کیا کرتے تھے۔
تحقیقات کے مطابق منگل کی رات دونوں پٹکا علاقے میں واقع ایک ویران گھر میں شراب پینے کے لیے گئے تھے۔ دورانِ محفل کسی بات پر جھگڑا ہوا، جس کے بعد پریانشو نے مبینہ طور پر دھرو کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دی اور پھر سو گیا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق، خوفزدہ دھرو نے سوتے ہوئے پریانشو کو پلاسٹک کی تاروں سے باندھ کر تیز دھار آلے سے حملہ کیا۔
پریانشو کی لاش نیم برہنہ حالت میں ملی، ان کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے تھے اور جسم پر گہرے زخموں کے نشانات موجود تھے۔
بدھ کی صبح مقامی لوگوں نے اطلاع دی تو پولیس موقع پر پہنچی اور پریانشو کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔
واضح رہے کہ پریانشو نے 2022 میں ریلیز ہونے والی فلم ’جھنڈ‘ میں معاون کردار ادا کیا تھا، جس میں امیتابھ بچن نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔ فلم میں انہوں نے نچلے طبقے کے نوجوانوں کے کرداروں میں سے ایک کا کردار ادا کرکے شوبز کی دنیا میں پہچان بنائی تھی۔