مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں منشیات اسمگل کرنے کے جرم میں پاکستانی شہری کو سزائے موت دے دی گئی۔
سعودی وزارتِ داخلہ کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن میں عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے پاکستانی تارکِ وطن کو سزائے موت دی گئی۔
وزارتِ داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزم کو مجاز عدالت نے منشیات اسمگلنگ کے جرم میں سزائے موت سنائی تھی، جسے بعدازاں سعودی سپریم کورٹ نے بھی برقرار رکھا۔ تمام قانونی تقاضے اور عدالتی مراحل مکمل ہونے کے بعد سزائے موت کے حکم پر عمل درآمد کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزارتِ داخلہ منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کر رہی ہے، اور مملکت میں اس سنگین جرم کے مرتکب افراد کے ساتھ سخت قانونی کارروائی کی جاتی ہے۔
دوسری جانب وزارتِ داخلہ نے یہ بھی بتایا کہ دمام میں ایک سعودی شہری کو دہشت گردی کے سنگین جرائم میں ملوث ہونے پر سزائے موت دے دی گئی۔
بیان کے مطابق مذکورہ مجرم سیکیورٹی اہلکاروں پر حملوں، ایک جج کے اغوا اور قتل میں ملوث تھا، جبکہ وہ تیل کی پائپ لائنوں کو اڑانے اور دھماکا خیز مواد بنانے جیسے جرائم میں بھی شریک رہا۔
سعودی حکام کے مطابق دونوں مجرموں کے خلاف مقدمات مکمل عدالتی عمل سے گزرنے کے بعد شریعت کے مطابق فیصلے کے تحت انجام تک پہنچے۔