راولپنڈی / اورکزئی: اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے حملے میں ملوث 30 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ وہ دہشتگرد تھے جو لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیب راحت اور 9 جوانوں کی شہادت میں ملوث تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے نشانہ بنائے، جس کے نتیجے میں تمام ملوث خارجی اپنے انجام کو پہنچ گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز پرعزم ہیں، اور اس مقصد کے لیے خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشنز (IBOs) تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔
پس منظر
یاد رہے کہ دو روز قبل اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیب راحت اور 9 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا تھا، جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں 19 دہشتگرد ہلاک ہوئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب کیا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا تھا کہ آپریشن بھارتی پراکسی تنظیم فتنۃ الخوارج کے ٹھکانے پر کیا گیا، جہاں مؤثر کارروائی کے دوران 19 بھارتی سرپرست دہشتگرد مارے گئے۔
لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق نے فرنٹ لائن سے ٹیم کی قیادت کی، جب کہ سیکنڈ اِن کمانڈ میجر طیب راحت نے بھی بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
سیکیورٹی فورسز کے مطابق ملک دشمن عناصر کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، اور قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔