لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبے میں سبزیوں، دالوں اور ضروری اشیائے خوردونوش کے نرخوں میں استحکام سے متعلق ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ٹماٹر اور دیگر سبزیوں کے بڑھتے نرخوں پر وزیراعلیٰ نے گہری تشویش کا اظہار کیا اور فوری اقدامات کی ہدایت جاری کی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے واضح ہدایت کی کہ ہر دکان پر نرخ نامے نمایاں طور پر آویزاں کیے جائیں، جبکہ ہر بازار کے داخلی راستے پر بھی ریٹ لسٹیں نصب کی جائیں تاکہ عوام کو شفاف نرخوں سے آگاہی حاصل ہو۔
اجلاس میں پرائس کنٹرول اینڈ کماڈیٹی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی تنظیم نو سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ محکمے نے وزیراعلیٰ کو ایک سٹریٹجک پلان پیش کیا، جس کے تحت ایک جدید ایپ کے ذریعے سنٹرل ڈیش بورڈ پر سبزیوں کی فراہمی، نرخ، آمد اور سٹاک سے متعلق تمام ڈیٹا دستیاب ہوگا۔
مزید برآں، سبزی منڈیوں میں ٹرکوں کی ٹریکنگ سسٹم متعارف کرانے، پنجاب بھر میں سبزی فروشوں کے لیے یکساں ریڑھیاں، یونیفارم اور مارکیٹ ڈیزائن فراہم کرنے اور منڈیوں میں میکینکل سوپرز کے ذریعے صفائی کے جدید انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں 239 مریم نواز کاشتکار بازاروں اور سبزی منڈیوں کی برانڈنگ کا عمل شروع کیا جا رہا ہے، تاکہ عوام کو معیاری اور مناسب نرخوں پر سبزیاں میسر ہوں۔
رمضان المبارک کے دوران ہر محلے میں سستے سٹال لگانے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ نگہبان رمضان پیکج سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ:
“نرخوں میں کمی کے لیے حکومت کے تمام اقدامات کے اثرات عوامی سطح پر واضح نظر آنے چاہییں۔ سبزیوں کی ضرورت کا پیشگی تعین کرکے انتظامات کیے جائیں تاکہ کسی بحران سے بچا جا سکے۔”
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر صوبے بھر کی 3 لاکھ 68 ہزار دکانوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں 5 کروڑ 48 لاکھ روپے جرمانہ، 321 ایف آئی آرز اور 4607 گرفتاریاں عمل میں آئیں۔