اسلام آباد: پاکستان نے افغان طالبان کی درخواست پر عارضی سیز فائر (جنگ بندی) کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے پاکستان سے جنگ بندی کی باضابطہ درخواست کی گئی تھی۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ افغان طالبان کی درخواست پر آج شام 6 بجے سے آئندہ 48 گھنٹوں کے لیے عارضی سیز فائر نافذ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سیز فائر کا آغاز ہو چکا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان دو طرفہ تعمیری بات چیت کے ذریعے تنازع کے پرامن اور مثبت حل کے لیے پرعزم ہے۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات کے لیے پاکستان کی جانب سے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق شرکت کریں گے، جب کہ افغانستان کی جانب سے ممکنہ طور پر افغان وزیرِ خارجہ مذاکرات میں حصہ لیں گے۔
حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام خطے میں امن و استحکام کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔