لاہور: قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 93 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
میچ کے چوتھے دن جنوبی افریقی بلے باز ریان ریکلیٹن اور ٹونی ڈی ذوزی نے دوسری اننگز کا آغاز کیا، تاہم ڈی ذوزی اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں اضافہ کیے بغیر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بن گئے۔
اس کے بعد نعمان علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے ٹریسٹن اسٹبز اور ڈیوڈ بریوس کو آؤٹ کیا، جبکہ ساجد خان نے خطرناک بلے باز ریان ریکلیٹن کو 45 رنز پر پویلین بھیج دیا۔
شاہین شاہ آفریدی نے اپنی تباہ کن بولنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے وریینی اور سبراین کو بھی آؤٹ کیا، جبکہ ساجد خان نے میتھو سوامے کو شکار بنایا۔
آخری وکٹ بھی شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں آئی، جس کے ساتھ ہی پاکستان نے میچ 93 رنز سے اپنے نام کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے دوسری اننگز میں 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ساجد خان کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔
نعمان علی نے میچ میں مجموعی طور پر 10 شکار کیے اور شاندار کارکردگی دکھائی۔
قبل ازیں، جنوبی افریقی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 269 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی جبکہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 378 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کو 109 رنز کی برتری ملی لیکن دوسری اننگز میں بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور ٹیم 167 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
یوں جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 277 رنز کا ہدف ملا، تاہم پوری ٹیم چوتھے دن 183 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کپتان ایڈن مارکرم صرف 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ویان ملڈر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔