ڈیرہ اسماعیل خان: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو اسلام آباد جانے کی تیاری کرنے کی ہدایت دے دی۔
ڈی آئی خان میں منعقدہ مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ:
“سی پیک روٹ آپ کے لیے ہے، اسلام آباد جانے کی تیاری کریں۔ ہم نے جمہوریت کی سیاست کرنی ہے، ہماری سیاست گالم گلوچ یا بدتمیزی کی سیاست نہیں ہوگی۔”
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پارلیمنٹ کی اہمیت اب ختم ہوچکی ہے اور ہم عوامی جمہوریت کے قائل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 2024 کا الیکشن دھاندلی زدہ اور مینڈیٹ چوری شدہ تھا، جسے وہ قبول نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ 2018 کے الیکشن کو بھی ہم نے کبھی تسلیم نہیں کیا تھا۔
فلسطین کے مسئلے پر مؤقف
سربراہ جے یو آئی نے اپنے خطاب میں فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ:
“فلسطینیوں پر ظلم ڈھائے گئے، انہیں بھوکا مارا گیا۔ قائداعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا تھا، اور ہم اسی مؤقف پر قائم ہیں۔”
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ان کی جماعت کا مقصد ملک میں جمہوری اقدار کا فروغ، عوامی نمائندگی کا احترام اور پرامن سیاسی جدوجہد ہے۔