فیصل آباد: وزیرمملکت طلال چوہدری کو فون پر دھمکیاں دینے والے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے کارکن کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش الزام قبول کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اسے یہ ہدایت ٹی ایل پی عہدیداروں کی جانب سے دی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار شخص کی شناخت ثاقب کے نام سے ہوئی ہے، جو منانوالہ گاؤں کا رہائشی ہے۔ ملزم نے بتایا کہ اسے پارٹی عہدیداروں نے وزیرمملکت طلال چوہدری کا نمبر فراہم کیا اور ہدایت دی کہ انہیں فون پر دھمکیاں دی جائیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ ٹی ایل پی کے ایک مخصوص گروپ سے رابطے میں تھا جس نے اسے دھمکی آمیز پیغامات دینے کا حکم دیا۔
اپنے ویڈیو بیان میں ملزم ثاقب نے کہا کہ اسے اپنی غلطی کا احساس ہے اور وہ اپنے رویے پر معذرت خواہ ہے۔ اس نے عوام اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ افواہیں پھیلانے سے گریز کریں اور امن و بھائی چارے کو فروغ دیں۔
ملزم کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنے عمل پر قوم اور ملک سے معافی مانگتا ہے اور آئندہ ایسی حرکت نہ کرنے کا وعدہ کرتا ہے۔
پولیس نے ملزم کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ ٹی ایل پی عہدیداروں کے کردار کے بارے میں بھی تحقیقات جاری ہیں۔