لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے عوام کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے “چیف منسٹر صاف پانی پروگرام” شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پنجاب حکومت کے جاری کردہ ابتدائی منصوبے کے مطابق، پروگرام کے پہلے مرحلے پر 7 ارب 57 کروڑ 85 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی، جب کہ منصوبہ ستمبر 2027 میں مکمل کیا جائے گا۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق، منصوبے کے تحت پنجاب بھر میں 963 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔
پراجیکٹ پر عمل درآمد کی ذمہ داری ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کو سونپی گئی ہے، جبکہ پنجاب صاف پانی اتھارٹی منصوبے کی نگرانی اور مانیٹرنگ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ یونٹس کے تعاون سے کرے گی۔
پہلے مرحلے میں مختلف اضلاع میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کا منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے، جن کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
• بہاولنگر: 96 پلانٹس
• راولپنڈی: 94 پلانٹس
• رحیم یار خان: 90 پلانٹس
• بہاولپور اور کوٹ ادو: 88 پلانٹس فی شہر
• خوشاب: 81 پلانٹس
• اٹک: 14 پلانٹس
• بھکر: 46 پلانٹس
• چکوال: 62 پلانٹس
• جہلم: 72 پلانٹس
• لیہ: 86 پلانٹس
• میانوالی: 49 پلانٹس
• راجن پور: 85 پلانٹس
• تلہ گنگ: 12 پلانٹس
منصوبے کے مالیاتی خاکے کے مطابق:
• اٹک، چکوال اور تلہ گنگ میں 55 کروڑ 33 لاکھ روپے کی لاگت سے آر او پلانٹس لگائے جائیں گے۔
• میانوالی اور بھکر میں 58 کروڑ 28 لاکھ روپے،
• راولپنڈی میں 60 کروڑ 49 لاکھ روپے،
• جہلم میں 46 کروڑ 21 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔
• خوشاب میں 52 کروڑ 22 لاکھ روپے،
• لیہ میں 55 کروڑ روپے،
• کوٹ ادو میں 54 کروڑ 20 لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے۔
• رحیم یار خان میں 55 کروڑ 37 لاکھ روپے،
• بہاولپور میں 54 کروڑ 56 لاکھ روپے،
• بہاولنگر میں 60 کروڑ 27 لاکھ روپے اور
• راجن پور میں 56 کروڑ 18 لاکھ روپے صاف پانی کی فراہمی پر خرچ کیے جائیں گے۔
پنجاب حکومت کے مطابق، “چیف منسٹر صاف پانی پروگرام” صوبے میں عوامی صحت کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو پینے کے صاف، محفوظ اور معیاری پانی کی فراہمی یقینی بنائے گا۔
منصوبہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن آف کلین پنجاب کے تحت صوبے میں پائیدار ترقی، عوامی سہولت اور ماحولیاتی تحفظ کے اہداف کے حصول میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔