اسلام آباد: پاکستانی مارشل آرٹسٹ عرفان محسود نے ایک بار پھر دنیا کو حیران کر دیا — انہوں نے فنگر ٹِپ پُش اپس میں ناروے کے کھلاڑی سویری ڈائسن کا گینیز ورلڈ ریکارڈ توڑ کر نیا عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا۔
گینیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق ناروے کے سویری ڈائسن نے ایک منٹ میں 80 پاؤنڈ وزن کے ساتھ 38 فنگر ٹِپ پُش اپس مکمل کیے تھے، جب کہ عرفان محسود نے اسی دوران 42 فنگر ٹِپ پُش اپس کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
پُش اپس کیٹیگری کے عالمی بادشاہ
عرفان محسود پُش اپس کیٹیگری میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ (70 سے زائد) عالمی ریکارڈز اپنے نام کر چکے ہیں۔
انہوں نے 100، 80، 60 اور 40 پاؤنڈ وزن کے ساتھ کیے گئے پُش اپس کے مختلف عالمی ریکارڈز میں بھی سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
عرفان محسود نے صرف پُش اپس ہی نہیں بلکہ دیگر مارشل آرٹس اور فٹنس کیٹیگریز میں بھی کئی عالمی اعزازات حاصل کیے ہیں، جن میں:
• مارشل پُش اپس
• اسکواٹس
• سٹیپ اپس
• نی اسٹرائکس
• ایلبو اسٹرائکس
• ہائی جمپس
• اسٹار جمپس
شامل ہیں۔
150 گینیز ورلڈ ریکارڈز بنانے والے پہلے پاکستانی
عرفان محسود کا کہنا ہے کہ انہیں 2023 میں صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس بات پر فخر محسوس کرتے ہیں کہ وہ گزشتہ 9 سالوں میں 150 گینیز ورلڈ ریکارڈز بنانے والے پاکستان کے پہلے ایتھلیٹ بن چکے ہیں۔
عرفان محسود نے مزید بتایا کہ ان کے 20 شاگرد بھی اب تک مختلف گینیز ورلڈ ریکارڈز بنا کر پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کر چکے ہیں۔