لاہور: محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب کے زیراہتمام نیشنل ریسکیو چیلنج 2025 کی افتتاحی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں مہمانانِ خصوصی نے مختلف تربیتی اسٹالز کا معائنہ کیا، ریسکیورز کی مشقیں (ڈرلز) دیکھیں اور ان کی خدمات کو سراہا۔
اس موقع پر پنجاب کی 9 ڈویژنز، خیبرپختونخوا، سندھ، گلگت بلتستان، پاک آرمی، سی ڈی اے اسلام آباد اور یونیورسٹی آف لاہور سمیت 15 ٹیموں نے شرکت کی۔
احسن اقبال کا خطاب: “ریسکیو ایک پیشہ نہیں، عبادت ہے”
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ نیشنل ریسکیو چیلنج 2025 میں شرکت ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کہا:
“یہ مقابلہ انسانیت کو بچانے کا مقابلہ ہے۔ ہمارا دین ہمیں سکھاتا ہے کہ ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے۔”
احسن اقبال نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 کا کام صرف خدمت نہیں بلکہ عظیم عبادت ہے۔
انہوں نے اپنے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہا:
“2018 میں جب مجھ پر قاتلانہ حملہ ہوا تو ریسکیورز میرے پہلے رسپونڈرز تھے، آج اس تقریب میں شرکت میرے لیے ایک ذاتی قرض کی ادائیگی ہے۔”
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، اور تاریخ گواہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک کو ایمرجنسی سروسز کے ذریعے سہارا دیا۔
احسن اقبال نے خواجہ سلمان رفیق کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت کی ٹیم کے ایک انتھک اور محنتی رکن ہیں۔
خواجہ سلمان رفیق کا خطاب: “ریسکیو 1122 ایک عظیم درسگاہ ہے”
صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ ایک ایسے محکمہ کے ساتھ وابستہ ہیں جو خدمتِ انسانیت کے جذبے سے سرشار ہے۔
انہوں نے کہا:
“ایئر ایمبولینس سروس پاکستانی تاریخ میں ریسکیو کا سب سے بڑا منصوبہ ہے، جس کے ذریعے اب تک 200 سے زائد مریضوں کی جانیں بچائی جا چکی ہیں۔”
خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ موٹروے کے ہر انٹرچینج پر ایمرجنسی سروسز دستیاب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 آج ایک عظیم درسگاہ بن چکا ہے اور اقوام متحدہ کی سرٹیفکیشن اس ادارے کے لیے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے مزید کہا:
“گزشتہ برس 28 ممالک کی ٹیموں کا پاکستان آنا ریسکیورز پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔ حالیہ سیلاب کے دوران ریسکیورز نے تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن کیا۔ پاک فوج کے ساتھ مل کر انہوں نے ہزاروں متاثرین کو بچایا۔ آج پوری قوم ان ریسکیورز کو سلام پیش کرتی ہے۔”
سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر کا خطاب
ڈاکٹر رضوان نصیر نے تقریب سے خطاب میں تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ریسکیو چیلنج میں شریک ٹیمیں ملک بھر میں ایمرجنسی سروسز کے معیار کو بہتر بنانے میں کردار ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے سرٹیفائیڈ ہونا ریسکیو 1122 کے لیے اعزاز کی بات ہے، اور یہ پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔