راولپنڈی: پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کا کھیل مکمل ہو گیا۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری میچ میں پاکستان نے پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنا لیے۔
قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم امام الحق 17 رنز بنا کر ہارمر کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
عبداللہ شفیق نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 57 رنز بنائے، جبکہ بابر اعظم صرف 16 رنز بنا کر کیشوو مہاراج کا شکار بنے۔ کپتان شان مسعود نے 87 رنز کی پُراعتماد اننگز کھیلی، جبکہ محمد رضوان 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پہلے روز کے اختتام تک سعود شکیل 42 اور آغا سلمان 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کیشوو مہاراج اور ہارمر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کگیسو راباڈا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ٹیموں میں تبدیلیاں
میچ سے قبل ٹاس کے وقت کپتان شان مسعود نے بتایا کہ آج کے میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے — آصف آفریدی کو شامل کیا گیا ہے جبکہ حسن علی کو آرام دیا گیا ہے۔
آصف آفریدی نے 39 سال اور 299 دن کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا، ان کو شاہین شاہ آفریدی نے ٹیسٹ کیپ دی۔
جنوبی افریقا کے کپتان ایڈن مارکرم نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو بیٹنگ کو ہی ترجیح دیتے۔ ان کے مطابق ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں — کیشوو مہاراج اور مارکو جینسن کو شامل کیا گیا ہے۔
سیریز کی صورتحال
واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
پاکستان نے لاہور ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کو 93 رنز سے شکست دے کر سیریز میں سبقت حاصل کی تھی۔