اسلام آباد: حکومت نے سونے کی درآمد اور برآمد پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع وزارتِ تجارت کے مطابق اس حوالے سے سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کو بھیجنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال مئی 2025 میں سونے کی درآمد اور برآمد پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ یہ فیصلہ اُس وقت سونے کی اسمگلنگ کی بڑھتی ہوئی شکایات کے پیش نظر کیا گیا تھا۔
تاہم، وزارتِ تجارت کے ذرائع کے مطابق گزشتہ چند مہینوں میں سونے کی اسمگلنگ سے متعلق کوئی نئی شکایت موصول نہیں ہوئی، جس کے باعث حکومت نے اس پابندی کو ختم کرنے پر غور کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پابندی ختم ہونے کے بعد سونے کی قانونی تجارت دوبارہ بحال ہو جائے گی، جس سے ملکی مارکیٹ میں سرمایہ کاری اور قیمتی دھاتوں کے شعبے میں استحکام آنے کی توقع ہے۔