اسلام آباد: آزاد کشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل کے حوالے سے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان اہم ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق صدر آصف زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کو آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت بنانے کے فیصلے پر اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم نے اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر امور کمیٹی کو پیپلز پارٹی سے مذاکرات کا ٹاسک دے دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی مذاکراتی کمیٹی میں احسن اقبال، رانا ثنااللہ اور امیر مقام شامل ہیں۔ کمیٹی نے پیپلز پارٹی سے بات چیت سے قبل آزاد کشمیر مسلم لیگ ن کی قیادت سے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔
تاہم دوسری جانب مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے پارلیمانی لیڈر اور سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر نے واضح کیا ہے کہ ن لیگ حکومت سازی کے کسی عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ “پارلیمانی پارٹی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا تھا کہ ہم اپوزیشن میں بیٹھیں گے، یہ فیصلہ حتمی ہے اور اس میں کسی تبدیلی کی گنجائش نہیں ہے۔”
ادھر پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان قائرہ نے ایک بیان میں کہا کہ “ن لیگ نے ہمیں اپوزیشن میں بیٹھنے کے فیصلے سے آگاہ نہیں کیا، البتہ اگر ہمارے نمبر پورے ہوئے تو پیپلز پارٹی حکومت بنانے کی کوشش کرے گی۔”
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں آزاد کشمیر میں سیاسی صورتحال تیزی سے تبدیل ہوئی ہے اور صدر آصف زرداری نے عدم اعتماد کی منظوری کے بعد پیپلز پارٹی کی قیادت کو حکومت سازی کے لیے مشاورت کی ہدایت دی تھی