تہران: وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی ایک روزہ سرکاری دورے پر ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ائرپورٹ پر ایرانی وزارتِ داخلہ کے ڈپٹی وزیر علی زینوند، ایران میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا خیرمقدم کیا۔
محسن نقوی اپنے دورے کے دوران ایکو نومک کوآپریشن آرگنائزیشن (ECO) کے وزرائے داخلہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے، جس میں رکن ممالک کے درمیان علاقائی سلامتی، سرحدی تعاون، منشیات کے خلاف اقدامات اور منظم جرائم کی روک تھام پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ داخلہ اپنے قیام کے دوران ایران کے اعلیٰ حکام سے دوطرفہ امور پر اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں سرحدی تعاون، سکیورٹی، انسدادِ منشیات، انسانی اسمگلنگ اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات پر بات چیت متوقع ہے۔
محسن نقوی کا یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان سکیورٹی اور باہمی تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے.