لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی سیاسی و انتظامی صورتحال، قانون سازی کے مراحل اور ایوان کی کارروائی سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں صوبے میں امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور کسی کو انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کاروبار میں آسانی کے لیے ای بز (E-Biz) سسٹم کے اجرا پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ اقدام کاروباری برادری کے لیے نہایت سہولت بخش ثابت ہوگا۔
ملک احمد خان نے صوبے میں امن و امان کی بہتری پر پنجاب کے عوام کی جانب سے وزیراعلیٰ کو اظہارِ تشکر پیش کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی اسمبلی امور میں تعاون اور تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی روش کو سراہا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ:
“صوبے کی تاریخ میں پہلی بار ہر بڑا ترقیاتی منصوبہ چھوٹے شہروں سے شروع کیا جا رہا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کاروبار کے بہترین مواقع (Business Potential) موجود ہیں، سرمایہ کاروں کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
مریم نواز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ پنجاب حکومت ملکی و غیرملکی سرمایہ کاروں کی ہر ممکن معاونت کرے گی۔
اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا کہ:
“پہلی بار ترقیاتی منصوبوں کا مرکز صرف لاہور یا بڑے شہر نہیں بلکہ پنجاب کے پسماندہ علاقے بھی ہیں۔”
انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی عوامی خدمت، ترقیاتی وژن اور معاشی پالیسیوں کو صوبے کی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔