ممبئی: بالی وڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان آج اپنی 60 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، اس موقع پر مداحوں اور فلم انڈسٹری کے ساتھی فنکاروں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اداکار اکشے کمار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر شاہ رخ خان کے ساتھ اپنی پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا،
“ویسے تو 60 کے کہیں سے لگتے نہیں، شکل سے 40 اور عقل سے 120 سال کے ہیں۔ سالگرہ مبارک ہو میرے دوست!”
شاہ رخ خان کے مداح ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ان کے گھر ’منت‘ کے باہر جمع ہوئے تاکہ اپنے پسندیدہ اداکار کو قریب سے دیکھ سکیں۔ تاہم پولیس نے رش سے بچنے کے لیے سڑکیں بند کر دیں، جس کے بعد مداحوں نے ساحل کے راستے سے منت پہنچنے کا منفرد طریقہ اپنایا۔
مداحوں نے وہاں شاہ رخ خان کی سالگرہ کا جشن منایا، کیک کاٹا اور نعرے لگائے۔ تاہم اس بار انہیں اپنے محبوب اداکار کی ایک جھلک دیکھنے کا موقع نہیں مل سکا۔
رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان نے ایک ٹوئٹ میں اپنے مداحوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ حکام کی جانب سے مشورہ دیا گیا ہے کہ ہجوم پر قابو پانے کے مسائل کے باعث وہ اس بار بالکونی میں نہیں آئیں گے۔
اداکار نے اپنے پیغام میں کہا:
“یہ فیصلہ آپ سب کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے، امید ہے آپ میری مجبوری کو سمجھیں گے۔”
یاد رہے کہ ہر سال شاہ رخ خان اپنی سالگرہ کے موقع پر منت کی بالکونی سے مداحوں کو ہاتھ ہلا کر شکریہ ادا کرتے ہیں، جو ان کے فینز کے لیے ایک خاص لمحہ ہوتا ہے۔