لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے لاہور میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (PKLI) میں زیرِ علاج پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔
سلمان اکرم راجا نے شاہ محمود قریشی کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ ملاقات کے دوران موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
شوکت بسرا اور ظہیر بابر بھی ملاقات میں شریک
ذرائع کے مطابق، سلمان اکرم راجا کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے دوران پی ٹی آئی رہنما شوکت بسرا اور ظہیر بابر بھی موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پارٹی کے اندرونی معاملات اور سیاسی تناؤ میں کمی لانے سے متعلق مشاورت ہوئی۔
سابق و ناراض رہنماؤں کی شاہ محمود قریشی سے رابطے
ذرائع کے مطابق، گزشتہ چند روز میں پی ٹی آئی کے سابق اور ناراض رہنماؤں کی جانب سے بھی شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں کی گئی ہیں، جن میں فواد چوہدری سمیت دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔
سلمان اکرم راجا نے بھی قریشی سے انہی ملاقاتوں کے حوالے سے گفتگو کی۔
عمران خان کی رہائی کیلئے سیاسی رابطوں پر غور
اطلاعات کے مطابق، پی ٹی آئی کے سابق رہنما عمران خان کی رہائی کے لیے سیاسی جماعتوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے رابطے بڑھانے پر غور کر رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ سابق قیادت کا مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور بانی پی ٹی آئی سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔
سیاسی درجہ حرارت میں کمی کی کوششیں
ذرائع کے مطابق، سابق رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وہ ملک میں سیاسی درجہ حرارت کم کرنے اور مفاہمانہ ماحول پیدا کرنے کے لیے کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
اسی سلسلے میں ان کی ملاقاتیں اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ سے بھی ہو چکی ہیں، جن میں موجودہ سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔