اسلام آباد: 27 ویں آئینی ترمیم کے مسودے پر حکومت اور اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کے درمیان اختلافات برقرار ہیں، جس کے باعث وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس بھی مؤخر کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ کا اجلاس آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری اور بریفنگ کے لیے طلب کیا گیا تھا، تاہم حکومتی اتحادیوں کے درمیان مکمل اتفاق رائے نہ ہونے کی وجہ سے اجلاس نہیں ہوسکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان، مسلم لیگ (ق) اور دیگر اتحادی جماعتیں مجوزہ ترمیم پر گرین سگنل دے چکی ہیں، تاہم پیپلز پارٹی نے حکومت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے اور ابھی اپنی پارٹی سے مزید مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ مشاورت کے بعد مسودے میں تجویز کردہ ترامیم حکومت کو پیش کرے گی، جس کے بعد ہی آئینی ترمیم پر حتمی اتفاق ہوسکے گا۔
ذرائع کے مطابق
“ترمیم کے مسودے پر حکومت اور اتحادیوں کے اتفاق کے بعد ہی وفاقی کابینہ کا اجلاس دوبارہ بلانے پر فیصلہ ہوگا۔”
مجوزہ 27 ویں آئینی ترمیم سے متعلق حکومتی مذاکرات آئندہ چند روز میں ایک بار پھر متوقع ہیں۔