ہنزہ: گلگت بلتستان کی وادی ہنزہ میں اُلتر گلیشیئر کا ایک بڑا حصہ ٹوٹنے سے برفانی تودہ گر پڑا، جس نے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے کے بعد وادی میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ سرد ہواؤں اور موسم کی خرابی نے حالات مزید متاثر کر دیے۔
مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز اُلتر گلیشیئر میں اچانک بڑی دراڑ پڑنے کے بعد برفانی تودہ نیچے آیا، جس سے وادی میں تیز ہواؤں اور دھول کی شدت کے باعث معمولات زندگی دوسرے روز بھی متاثر رہے۔
نومبر میں برفانی تودے کا گرنا غیرمعمولی
ماہرین کے مطابق ہنزہ میں برفانی تودے عموماً مارچ اور اپریل میں گرتے ہیں، تاہم نومبر میں برفانی تودہ گرنا موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ غیر متوقع درجہ حرارت میں اتار چڑھاؤ اور گلیشیئرز کی تیز رفتار پگھلاؤ خطے میں خطرات میں اضافہ کر رہا ہے۔
ہنزہ میں موجود درجنوں گلیشیئرز میں اُلتر گلیشیئر کو انتہائی حساس سمجھا جاتا ہے، اور اس میں بار بار شگاف پڑنے کے واقعات ماحولیاتی ماہرین کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔
تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم مقامی انتظامیہ نے علاقے میں نگرانی بڑھا دی ہے اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے.