لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں بے سہارا بیواؤں اور کمزور طبقات کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والے غاصبوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ “پنجاب میں ہر فیصلہ فوری نافذ ہوگا اور ہر جائیداد محفوظ بنائی جائے گی”۔
وزیر اعلیٰ نے بے سہارا بیواؤں کی جائیدادوں پر قبضے سے متعلق کیسز کو فوری اور ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ اس حوالے سے مریم نواز شریف نے کہا کہ ناجائز قبضوں کے کیسز پر ہر دن کی باقاعدہ مانیٹرنگ ہوگی اور انہیں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جائے۔
Ordinance 2025 کا مکمل نفاذ — روزانہ DRC اجلاس کا حکم
وزیر اعلیٰ پنجاب نے Ordinance 2025 کے مکمل نفاذ کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز روزانہ ڈسٹرکٹ ڈسپیوٹ ریزولیشن کمیٹی (DRC) کے اجلاس منعقد کریں گے، جن کی وہ خود مانیٹرنگ کریں گی۔
مساجد میں اعلانات — عوام کو حکومتی اقدامات سے آگاہی
پنجاب حکومت نے عوام تک فوری معلومات پہنچانے کے لیے ہدایت جاری کی ہے کہ مساجد میں ناجائز قبضوں کے خلاف حکومتی اقدامات کے اعلانات کیے جائیں تاکہ شہری اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری طور پر درخواستیں دے سکیں۔
تحصیل سطح پر درخواستیں — اے سی آفس میں سہولت
مریم نواز شریف نے ہر تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر آفس میں قبضے کے معاملے سے متعلق درخواستیں وصول کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے، تاکہ عوام کو مقامی سطح پر ہی فوری ریلیف مل سکے۔
کچھ اضلاع میں تاخیر پر اظہار ناراضی
وزیر اعلیٰ نے گجرات، لیہ، حافظ آباد اور دیگر اضلاع میں قبضوں کے کیسز کے فیصلوں میں تاخیر پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور ضلعی انتظامیہ کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
3 ہفتوں کی کارکردگی رپورٹ
سرکاری بریفنگ کے مطابق گزشتہ 3 ہفتوں میں پنجاب بھر سے 2919 ناجائز قبضے کی درخواستیں موصول ہوئیں جبکہ ڈسٹرکٹ ڈسپیوٹ ریزولیشن کمیٹیوں نے 499 کیسز حل کر دیے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ حکومت کا مقصد ناجائز قبضہ کیسز کے فوری حل کے ذریعے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنر روزانہ اجلاس منعقد کریں اور کارکردگی وہ خود ذاتی طور پر مانیٹر کریں گی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے یہ اقدامات صوبے میں لوگوں کی جائیدادوں کے تحفظ اور انصاف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے.