کراچی: حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے، جس کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
صدر گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن ملک شہزاد نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدوں کی بنیاد پر ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے تمام مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں، جس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے کام بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ ٹرانسپورٹرز نے بھاری جرمانوں میں کمی، گاڑیوں کے لوڈ میں اضافے سمیت دیگر رعایتوں کا مطالبہ کیا تھا، جن پر حکومت نے اتفاق کیا ہے۔
گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث کراچی بندرگاہ پر سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئیں۔ جہازوں کی آمدورفت رک گئی تھی جبکہ ایک جہاز کراچی پورٹ پر اور دو جہاز بندرگاہ کے باہر کلنکر پورٹ پر ٹرکوں کے آنے کے منتظر تھے۔
ہڑتال کے باعث صنعتوں تک خام مال کی ترسیل بھی معطل ہو گئی تھی، جس سے صنعتی سرگرمیاں شدید متاثر ہوئیں۔ صدر آئرن مرچنٹس حماد پوناوالا نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے باعث مال نہ ملنے سے صنعتیں بند ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا جبکہ لوہے کے تاجروں اور دیگر اشیاء کے امپورٹرز کو اربوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
ہڑتال کے خاتمے کے بعد بندرگاہوں اور صنعتی سرگرمیوں کی بحالی کی توقع کی جا رہی ہے.