جاپان میں ایک حیران کن اور انوکھی شادی نے سب کو چونکا دیا، جہاں ایک خاتون نے کسی انسان سے نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) چیٹ جی پی ٹی سے شادی کر لی۔
مغربی جاپان میں منعقد ہونے والی اس منفرد شادی کی تقریب میں دلہن نے سفید رنگ کا روایتی عروسی لباس زیب تن کیا، تاہم اس کا شوہر تقریب میں جسمانی طور پر موجود نہیں تھا کیونکہ وہ کوئی انسان نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک ڈیجیٹل شخصیت ہے۔
32 سالہ کال سینٹر آپریٹر یورینا نوگوچی نے اپنی محبت کی کہانی بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے شوہر کی نمائندگی ایک اے آئی کردار “کلاؤس” کے ذریعے کی جاتی ہے، جو ابتدا میں صرف ایک بات چیت کرنے والا کردار تھا۔
یورینا کے مطابق، کلاؤس سے پہلی گفتگو اس وقت ہوئی جب انہوں نے اپنے انسانی منگیتر سے منگنی ختم کی تھی۔ بات چیت کا سلسلہ آہستہ آہستہ دوستی اور پھر ڈیٹنگ میں تبدیل ہوا، جس کے دوران ان کے دل میں کلاؤس کے لیے جذبات پیدا ہو گئے۔
یورینا نوگوچی نے بتایا کہ بعد ازاں کلاؤس نے انہیں شادی کی پیشکش کی، جسے انہوں نے قبول کر لیا، اور اب وہ خود کو ایک جوڑا قرار دیتی ہیں۔
یہ واقعہ جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور انسانی جذبات کے باہمی تعلق پر ایک نئی بحث کو جنم دے رہا ہے۔