صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ جیتنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد دی ہے۔
ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ جیتنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف فائنل میں شاندار فتح نوجوان کھلاڑیوں کی محنت، لگن اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈر 19 ٹیم کی یہ کامیابی پوری قوم کے لیے فخر اور خوشی کا باعث ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی یہ جیت آئندہ عالمی مقابلوں کے لیے امید کی کرن ہے۔ انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور کوچنگ اسٹاف کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر تاریخ رقم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو اپنے نوجوان کھلاڑیوں پر فخر ہے اور انڈر 19 ٹیم مستقبل میں بھی عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انڈر 19 ایشیا کپ فائنل جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ انڈر 19 قومی کرکٹ ٹیم نے پاکستانی عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو شکست دے کر نوجوان کھلاڑیوں نے سبز ہلالی پرچم بلند کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سمیر منہاس نے شاندار اننگ کھیل کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، یہ کامیابی پورے پاکستان کی جیت ہے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا کہ بھارت کے خلاف فتح میں سمیر منہاس کی بیٹنگ پرفارمنس قابلِ تعریف رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی کا نتیجہ شاندار جیت کی صورت میں سامنے آیا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ یہ فتح شائقینِ کرکٹ کے لیے خوشی اور فخر کا لمحہ ہے اور پی سی بی کی رائزنگ اسٹارز پر سرمایہ کاری کامیابی کی صورت میں نظر آ رہی ہے۔