غزہ: فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اپنے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔ القسام بریگیڈ کے نئے ترجمان نے ایک ویڈیو بیان میں ابو عبیدہ سمیت تنظیم کے متعدد اعلیٰ کمانڈروں کی شہادت کا اعلان کیا۔
بیان کے مطابق اسرائیلی حملوں میں القسام بریگیڈ کے اہم قائدین محمد السنوار، رائد سعد، محمد شبانہ اور حکم العیسیٰ بھی شہید ہوئے ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ابو عبیدہ کا اصل نام حذیفہ الکحلوت تھا، جو القسام بریگیڈ کے میڈیا ونگ الاعلام العسکری کے سربراہ بھی تھے۔
ویڈیو بیان میں بتایا گیا کہ یحییٰ السنوار کے بھائی محمد السنوار، شہید سربراہ محمد الضیف کے بعد القسام بریگیڈ کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
ترجمان کے مطابق حذیفہ الکحلوت نے 20 سال سے زائد عرصے تک القسام بریگیڈ کے ترجمان کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کیں اور تنظیم کے میڈیا ونگ کو جدید خطوط پر استوار کیا۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ حذیفہ الکحلوت اپنے پیچھے ترجمان کا لقب ’ابو عبیدہ‘ چھوڑ گئے ہیں، جسے اب نئے ترجمان نے اختیار کر لیا ہے۔ حماس کی جانب سے جاری بیان میں بھی نئے ترجمان کو ابو عبیدہ ہی کے نام سے متعارف کرایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے رواں سال اگست میں ابو عبیدہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم اس وقت اس کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔