وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی وژنری قیادت میں پنجاب میں بلیو اکانومی کو فروغ دینے کے لیے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ آبی حیات خصوصاً شرمپ فارمنگ کے فروغ کے لیے پنجاب میں بڑے پیمانے پر منصوبے عملی شکل اختیار کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے مطابق سرگودھا اور علی پور میں مجموعی طور پر 5 ہزار 600 ایکڑ رقبے پر شرمپ اسٹیٹس قائم کی جا رہی ہیں، جہاں بنجر اور سیم زدہ زمینوں کو پہلی مرتبہ شرمپ فارمنگ کے ذریعے قابلِ استعمال بنایا جا رہا ہے۔
سرگودھا میں شرمپ فارمنگ منصوبے کی 15ویں یومیہ ترقیاتی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق 20 ایکڑ اراضی پر 9 تالاب شرمپ فارمنگ کے لیے مکمل تیار کر لیے گئے ہیں جبکہ 5 ہزار 320 میٹر ڈرینج کا کام بھی مکمل ہو چکا ہے۔ اگلے مرحلے میں مزید 10 ایکڑ اراضی پر شرمپ فارمنگ کے لیے سروے بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔
شرمپ فارمنگ کے معیار کو عالمی سطح پر ہم آہنگ بنانے کے لیے ساڑھے چار ارب روپے کی لاگت سے لاہور میں قائم کی جانے والی کوالٹی کنٹرول لیبارٹری 99 فیصد مکمل ہو چکی ہے۔ اسی طرح مظفرگڑھ میں تحقیق اور شرمپ فارمنگ کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کی لیبارٹری کا 98 فیصد کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔
شرمپ فارمنگ کے فروغ کے لیے پاکستانی ماہرین کے سعودی عرب اور میکسیکو کے تربیتی دورے بھی مکمل ہو چکے ہیں جبکہ عملے کی فراہمی کا عمل بھی تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ ٹیکنیکل تربیت کے لیے غیر ملکی ماہرین جیفری اور جیمی ڈومین سیک بھی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔
پراجیکٹ کے تحت 100 انٹرنز کے تحریری امتحانات مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ شرمپ فارمنگ کے لیے 32 ٹیوب ویلز اور 8 ٹرانسفارمرز کی تنصیب کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ تحقیقاتی مراحل کے دوران 64 تالابوں میں شرمپ کا بیج بھی ڈالا جا چکا ہے۔
سرگودھا کے چک نمبر 58 میں 124 ایکڑ اراضی پر شرمپ اسٹیٹ اور ویلیو چین قائم کی جا رہی ہے، جہاں 57 تالابوں کی کھدائی مکمل ہو چکی ہے۔ اسی طرح رکھ علی ولی مظفرگڑھ میں شرمپ فارمز کے لیے 2 ہزار 507 ایکڑ اراضی کی صفائی اور ہموار کرنے کا عمل مکمل ہو چکا ہے جبکہ 57 تالابوں اور 50 ٹیوب ویلز کی کھدائی بھی مکمل کر لی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ شرمپ فارمنگ کے آغاز سے پنجاب کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہو گا اور اس منصوبے کے ذریعے ہزاروں نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ پنجاب میں بلیو اکانومی کا اب تک کا سب سے بڑا منصوبہ ہے جو صوبے کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔