تہران: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران میں مظاہرین پر تشدد کی صورت میں مداخلت کرنے کی دھمکی پر ایرانی قیادت نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر علی شمخانی نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر خبردار کیا کہ ایران کی سلامتی میں مداخلت کرنے والا ہر ہاتھ کاٹ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم امریکا کی سابقہ مداخلتوں جیسے عراق، افغانستان اور غزہ کے تجربات سے بخوبی واقف ہے۔
دوسری جانب ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے کہا کہ امریکی مداخلت ایران کے اندرونی معاملات میں پورے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کر سکتی ہے اور امریکا کے مفادات کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ انہوں نے امریکی عوام کو بھی ہوشیار رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ یہ مہم جوئی خود ٹرمپ نے شروع کی ہے، لہٰذا فوجیوں کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کہا تھا کہ اگر ایران نے پُرامن مظاہرین پر تشدد کیا یا انہیں قتل کیا تو امریکا ان کے بچاؤ کے لیے تیار ہے۔
ایرانی قیادت نے اس دھمکی کو خطے میں افراتفری پھیلانے کی کوشش قرار دیا اور امریکا کو خبردار کیا ہے کہ داخلی معاملات میں مداخلت کے خطرناک نتائج ہو سکتے ہیں۔