لاہور: گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل نے سابق وزیراعظم اور صدر پاکستان مسلم لیگ چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی وزیر چودھری شافع حسین اور کمال مندوخیل بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران بلوچستان کی موجودہ سیاسی اور سماجی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ گورنر بلوچستان نے بتایا کہ صوبے میں سول انتظامیہ اور پاک فوج کے درمیان بہتر کوآرڈینیشن کے نتیجے میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔
اس موقع پر جعفر مندوخیل نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی خدمت کی اور ان کی قومی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے تعلقات شہید چودھری ظہور الٰہی کے دور سے قائم ہیں۔
گورنر بلوچستان نے صوبائی وزیر چودھری شافع حسین کے مثبت سیاسی کردار اور صوبائی سطح پر کی گئی کاوشوں کو بھی سراہا۔
سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے گورنر بلوچستان کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی استحکام کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا اور امید ظاہر کی کہ بلوچستان کے حالات جلد بہتر ہوں گے۔
یہ ملاقات بلوچستان میں سیاسی ہم آہنگی اور امن و امان کی بہتری کے حوالے سے ایک مثبت قدم کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔