پشاور اور صوبے کے مختلف بالائی علاقوں میں حالیہ شدید برفباری کے دوران ریسکیو اداروں نے بروقت اور مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے ایک بڑے انسانی بحران کو ٹال دیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق برف میں پھنسے 3010 افراد کو کامیابی سے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو اداروں کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق گزشتہ تین روز کے دوران 942 ایسی گاڑیوں کو برف سے نکالا گیا جو شدید موسم کے باعث سڑکوں پر پھنس گئی تھیں۔ گاڑیوں کی بحفاظت نکاسی کے بعد متعدد شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی، جس سے مقامی آبادی اور مسافروں کو شدید مشکلات سے نجات ملی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران سیکڑوں متاثرہ افراد کو موقع پر ہی فوری طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ بعض مریضوں کو طبی مراکز منتقل بھی کیا گیا۔ شدید سردی اور برفباری کے باوجود امدادی ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجود رہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق برفباری سے متاثرہ علاقوں میں مجموعی طور پر 60 اہم سڑکوں اور شاہراہوں کو ہیوی مشینری کی مدد سے کلیئر کیا گیا۔ اس بڑے ریسکیو آپریشن میں 535 تربیت یافتہ اہلکاروں اور 190 ریسکیو گاڑیوں نے حصہ لیا، جنہوں نے دن رات کام کرتے ہوئے امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ برفباری سے متاثرہ اضلاع میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 32 عارضی ریسکیو پوائنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں، جہاں مسافروں اور مقامی افراد کو رہنمائی، ابتدائی طبی امداد اور ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ہنگامی صورتِ حال میں ریسکیو ہیلپ لائن سے فوری رابطہ کریں، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔