لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا الرٹ، پی ڈی ایم اے نے 6 جولائی تک ہائی الرٹ جاری کر دیا
ڈی جی پی ڈی ایم اے کی ڈپٹی کمشنرز، ریسکیو اداروں اور واسا کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہنے کی ہدایت، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ
لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے لاہور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں متوقع بارشوں کے پیشِ نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی چوبیس گھنٹے، ہفتے کے ساتوں دن مسلسل نگرانی جاری ہے۔
عمر جاوید نے ریسکیو 1122، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی مشینری اور عملے کو مکمل طور پر الرٹ رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے نشیبی علاقوں سے بارش کا پانی جلد از جلد نکالنے اور شہر بھر کے چوکنگ پوائنٹس پر جمع پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے تحت بارشوں کا سلسلہ 6 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، ٹوٹی یا لٹکتی بجلی کی تاروں سے دور رہیں، جبکہ کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں میں رہنے یا ان کے قریب جانے سے گریز کریں۔
انہوں نے والدین پر زور دیا کہ بچوں کا خصوصی خیال رکھا جائے اور انہیں نشیبی علاقوں یا بارش کے جمع شدہ پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال یا مدد کی ضرورت کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔