30 اپریل کو جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف خان پر مشتمل بینچ سماعت کرے گا۔.
190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر اپیلوں کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔ عدالت کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ان اپیلوں پر سماعت 30 اپریل کو ہوگی۔
قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف خان پر مشتمل بینچ اس اہم مقدمے کی سماعت کرے گا۔
بانی اور بشریٰ بی بی نے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیلیں دائر کر رکھی ہیں جن میں سزا اور فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 17 جنوری کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈ کے ریفرنس میں عمران خان کو مجرم قرار دیتے ہوئے 14 سال قید اور ان کی اہلیہ مجرمہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی،عمران خان پر 10 لاکھ اور بشریٰ بی بی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔