وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کا رشتہ شریف خاندان میں ہی طے پا گیا ہے۔ قابلِ اعتماد ذرائع کے مطابق یہ رشتہ عثمان جاوید کی صاحبزادی سے طے پایا ہے، جو معروف کاروباری شخصیت جاوید شفیع کے بیٹے اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی رشتہ دار ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنید صفدر کے رشتے کی بات چیت تقریباً ایک ماہ قبل شروع ہوئی تھی، جو اب باقاعدہ طور پر طے پا چکی ہے۔ ماڈل ٹاؤن میں شریف فیملی کی رہائش گاہ پر ہونے والی خاندانی ملاقات میں نواز شریف، مریم نواز، جاوید شفیع اور دیگر قریبی افراد شریک ہوئے۔ منگنی اور نکاح کی تاریخیں جلد طے کی جائیں گی۔یاد رہے کہ جنید صفدر کی یہ دوسری شادی ہوگی۔ ان کی پہلی شادی 2021 میں قطر کے بزنس مین سیف الرحمان کی بیٹی عائشہ سیف سے لندن میں ہوئی تھی، جو اکتوبر 2023 میں خوشگوار طریقے سے ختم ہو گئی۔تعلیم کے میدان میں بھی جنید صفدر ایک نمایاں شخصیت ہیں۔ وہ کیمبرج، ایل ایس ای، یو سی ایل اور ڈرہم جیسی ممتاز برطانوی جامعات سے تعلیم یافتہ ہیں، اور بین الاقوامی تعلقات، سیاست اور گورننس جیسے مضامین میں متعدد ڈگریاں حاصل کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ پولو کے بھی شوقین ہیں اور کئی بین الجامعاتی مقابلے جیت چکے ہیں۔جنید صفدر حال ہی میں لندن سے پاکستان واپس آئے ہیں تاکہ اپنی والدہ مریم نواز کی سیاسی سرگرمیوں میں معاونت کر سکیں۔