وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عید کے موقع پر ہیڈکوارٹر ایف سی کے پی (ساؤتھ) ، وانا کا دورہ کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے جوانوں کے ساتھ نماز عید ادا کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی وانا میں تعینات جوانوں سے گرم جوشی کے ساتھ گلے ملے اور انکو وطن کے دفاع پر خراج تحسین پیش کیا۔ آئی جی ایف سی خیبرپختونخوا (ساؤتھ) نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قبائلی عوام، سیکیورٹی فورسز اور پولیس سمیت تمام شہداء کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جوانوں کے ساتھ عید منائی اور نماز عید کی ادائیگی کے بعد ملک میں امن، استحکام و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے جوانوں کی جرأت، قربانی اور حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جوانوں کی قربانیاں اور ثابت قدمی وطن کے تحفظ کی ضمانت ہیں اور یہی جذبہ پاکستان کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف قبائلی عوام کے تعاون اور قربانیوں کو بھی سراہا اور ان کے جذبے کو قوم کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔