وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا ہے کہ گزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی بجٹ ٹیکس فری رکھا گیا، مریم نواز پنجاب کو غربت،بیروزگاری سے پاک کر رہی ہیں، پنجاب میں آئی ٹی اور صنعت کے شہر آباد ہو رہے ہیں۔
وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے اپنی بجٹ تقریر کے دوران کہا کہ اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں، عالمی برادری اسرائیل کو قوانین کی پاسداری یقینی بنانے کا پابند بنائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف پاکستان نے تاریخی کامیابی حاصل کے۔
مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ پنجاب کے بچوں،بچیوں کو سکوٹیز دی جارہی ہیں، سٹوڈنٹس کو بلا تفریق لیپ ٹاپ دئیے گئے، نوجوانوں کیلئے روزگار اور کھیل کے دروازے کھول دئیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دن رات ترقیاتی کام ہورہے ہیں، مختلف شہروں میں الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب نے خدمت کے ساتھ شفافیت،گڈگورننس کی مثال قائم کی۔ تاریخ میں پہلی بار کسی وزیراعلیٰ کے دور میں 6104 منصوبے مکمل کئے گئے، مریم نواز کی گورننس کی رفتار اور معیار کو بدل کر رکھ دیا، پنجاب میں سکول،کالج اور ہسپتال بن رہے ہیں۔ وزیرخزانہ پنجاب نے کہا کہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے، سکولوں میں بچوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ کھانا،دودھ بھی فراہم کیا جارہاہے، پنجاب حکومت شفافیت اور منصفانہ تقسیم کے مطابق بجٹ پیش کر رہی ہے۔