لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اچانک طبیعت ناساز ہو گئی، جس کے باعث انہیں فوری طور پر لاہور کے میو اسپتال منتقل کیا گیا۔ ان کے اچانک چیک اپ نے سیاسی و عوامی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق مریم نواز کا مکمل طبی معائنہ کیا جا رہا ہے، جس میں ایم آر آئی، بلڈ ٹیسٹ، اور دیگر اہم ٹیسٹ شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز کو گزشتہ چند روز سے مسلسل جسمانی کمزوری، سر درد اور شدید تھکن کی شکایت تھی، جسے ابتدائی طور پر عمومی دباؤ سمجھا گیا، تاہم حالت بہتر نہ ہونے پر انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا۔ معالجین نے ان کے ابتدائی معائنے کے بعد ایم آر آئی تجویز کی ہے تاکہ ممکنہ اندرونی پیچیدگیوں کا جائزہ لیا جا سکے۔
اسپتال میں وزیراعلیٰ کی موجودگی کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ ان کے قریبی ذاتی معالجین اور میڈیکل ٹیم ان کے ساتھ موجود ہے، جبکہ عوام اور میڈیا کو مکمل طور پر دور رکھا گیا ہے۔
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو اعصابی دباؤ اور جسمانی تھکن کے اثرات لاحق ہو سکتے ہیں، تاہم درست تشخیص ایم آر آئی رپورٹ اور دیگر ٹیسٹوں کے بعد ہی ممکن ہو سکے گی۔ ڈاکٹرز کی ٹیم تمام پہلوؤں سے معائنہ کر رہی ہے تاکہ اگر کوئی سنجیدہ بیماری ہو تو فوری علاج شروع کیا جا سکے۔
مریم نواز کی اچانک طبیعت کی خرابی پر سوشل میڈیا پر بھی مختلف قیاس آرائیاں گردش کر رہی ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی افواہ پر یقین نہ کریں اور مریم نواز کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں
مریم نواز کا اچانک میڈیکل چیک اپ کس بیماری میں مبتلا؟ تفصیلات منظرِ عام پر
19.8K