"تحریر: ثناء حلیم "
پنجاب فوڈ اتھارٹی ایک ایسا ادارہ ہے جس نے خوراک کے معیار، حفاظت اور عوامی صحت کے میدان میں اپنی ایک الگ پہچان بنائی ہے۔ اس ادارے کا قیام 2 جولائی 2012 کو عمل میں آیا، اور تب سے یہ ادارہ عوام تک محفوظ، معیاری اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے۔ اس کا نیا نعرہ — "خالص خوراک، محفوظ زندگی” — صرف الفاظ نہیں بلکہ ایک زندہ مشن ہے جو عوامی فلاح کے لیے وقف ہے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کا مقصد ہے کہ پنجاب کے ہر شہری تک ایسی خوراک پہنچے جو نہ صرف ذائقے میں بہتر ہو بلکہ صحت کے لیے بھی محفوظ ہو۔ بزرگ ہوں یا بچے، خواتین ہوں یا مرد، ہر فرد کو خالص غذا فراہم کرنا اس ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج فوڈ اتھارٹی کو نہ صرف پنجاب بلکہ پورے ملک میں ایک بااعتماد ادارے کے طور پر جانا جاتا ہے۔
یہ بات کسی اعزاز سے کم نہیں کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کو ابتدا سے لے کر آج تک ایسی باصلاحیت اور وژنری قیادت میسر رہی ہے، جن میں نورالامین مینگل سے لے کر عاصم جاوید جیسے قابل، فرض شناس اور انتھک ڈی جی صاحبان شامل ہیں، جنہوں نے اس ادارے کو جدت، بہتری اور عوامی اعتماد کی علامت بنا دیا ہے۔ ان کی شب و روز محنت، عملی نگرانی اور عوام دوست حکمت عملی نے فوڈ اتھارٹی کو ایک زندہ اور متحرک نظام میں ڈھال دیا۔



پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں، اضلاع اور دور دراز علاقوں تک فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں ہر وقت سرگرم عمل رہتی ہیں۔ راولپنڈی، مری، گوجرانوالہ، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، رحیم یار خان، اور صادق آباد سمیت پورے پنجاب میں خوراک کے ہر پوائنٹ کو چیک کیا جاتا ہے، سیمپلز لیے جاتے ہیں، اور مضر صحت یا غیر معیاری اشیاء کی روک تھام کے لیے فوری ایکشن لیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج پنجاب میں کھانے پینے کی اشیاء کے معیار میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملی ہے۔
پولٹری مصنوعات، گوشت، دودھ، آئس کریم، فریز اشیاء، بیکری آئٹمز اور مشروبات جیسے اہم فوڈ سیکٹرز پر فوڈ اتھارٹی کی گہری نظر ہے۔ غیر معیاری اشیاء تیار یا فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں اور عوامی شکایات پر فوری ایکشن لے کر اس ادارے نے عوامی اعتماد کو مزید مضبوط کیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی صرف نگرانی یا جرمانے کا ادارہ نہیں، بلکہ ایک ایسا نظام ہے جو عوام میں آگاہی بھی پیدا کرتا ہے۔ مختلف تعلیمی اداروں، مارکیٹوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے فوڈ سیفٹی، نیوٹریشن اور صحت بخش خوراک سے متعلق آگاہی مہمات کا سلسلہ جاری ہے تاکہ لوگ خود بھی باخبر ہو کر بہتر فیصلے کر سکیں۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ہر قدم، ہر پالیسی اور ہر ایکشن صرف اور صرف ایک مقصد کے گرد گھومتا ہے — عوامی صحت کا تحفظ۔ اور یہی جذبہ ہے جو اسے ایک عام ادارے سے ہٹ کر عوامی خدمت کا مثالی ادارہ بناتا ہے۔
آئیں، ہم سب مل کر اس مشن کا حصہ بنیں — خالص کھاؤ، صحت پاؤ! اور خالص خوراک، محفوظ زندگی کے عزم کو مضبوط کریں-