ترجمان محکمہ وائلڈ لائف اینڈ پارکس نے بتایا ہے کہ لاہور کے علاقہ شاہ دی کھوئی میں ملک اعظم مرتضی عرف شانی نامی ایک شخص نے غیر قانونی اور بلا لائسنس شیر کو اپنے ڈیرے پر رکھا ہوا تھا.
ترجمان کے مطابق اچانک شیر ڈیرے سے باہر آگیا جس کو وہ لیکر موقع پر فرار ہوگیا ہے. محکمہ وائلڈ لائف پنجاب کی اسپیشل ٹیمیں شیر کی برآمدگی اور اس کے مالک کی گرفتاری کے لیے شاہ دی کھوئی اور دیگر مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں جبکہ ایف آئی آر کے اندراج کے لیے کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے.. ترجمان وائلڈ لائف آیند پارکس پنجاب نے مزید بتایا کہ نئے قوانین کے مطابق کوئی بھی شخص شیر کو بلا لائسنس، مطلوبہ پنجرے کے سائز اور دیگر ایس او پیز پر عمل کیے بغیر نہیں رکھ سکتا. غیر قانونی اور بلا لائسنس شیر کو رکھنا ناقابل ضمانت جرم ہے. اس کی سزا سات سال جبکہ جرمانہ پچاس لاکھ روپے ہے.عوام الناس سے اپیل کہ اگر ان کے اردگرد کسی کے پاس شیر موجود ہے تو اسکی اطلاع محکمہ وائلڈ لائف پنجاب کی ہیلپ لائن 1107 پر فوری دیں.