کراچی: سونے کی تیزی سے بڑھتی ہوئی قیمتوں کو بالآخر بریک لگ گئی۔ ملکی صرافہ بازار میں سونا 10 ہزار 600 روپے سستا ہو گیا۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 10 ہزار 600 روپے کی نمایاں کمی کے بعد نیا ریٹ 4 لاکھ 46 ہزار 300 روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 9 ہزار 88 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 82 ہزار 630 روپے رہ گئی ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں 106 ڈالر کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد سونا 4,252 ڈالر فی اونس پر آگیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سونے کی فی تولہ قیمت میں 14 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جبکہ اس سے ایک دن قبل بھی سونا 1,900 روپے مہنگا ہوا تھا۔
ماہرین کے مطابق حالیہ کمی روپے کی قدر میں معمولی بہتری اور عالمی منڈی میں سونا سستا ہونے کے باعث سامنے آئی ہے۔