اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بینک اکاؤنٹ سے متعلق دھوکہ دہی کے بڑھتے ہوئے واقعات سے ہوشیار رہیں۔
بینک کے مطابق ایک عام فراڈ میں دھوکے باز افراد فون کال کر کے دعویٰ کرتے ہیں کہ انہوں نے غلطی سے آپ کے اکاؤنٹ میں پیسے بھیج دیے ہیں۔ وہ پھر جھوٹے بہانے، دباؤ یا دھمکی دے کر ان رقم کی واپسی کا تقاضہ کرتے ہیں، حالانکہ یہ رقم کبھی بھی بھیجی ہی نہیں گئی۔
اسٹیٹ بینک کی ہدایات
مرکزی بینک نے صارفین کو مشورہ دیا کہ:
• ایسے کسی بھی کال یا پیغام پر دھوکہ نہ کھائیں
• سب سے پہلے اپنے بینک اکاؤنٹ کی ٹرانزیکشنز چیک کریں
• کسی بھی مشکوک صورت میں پی ٹی اے کو فوری اطلاع دیں: 0800-25625
اسٹیٹ بینک نے واضح کیا کہ یہ فراڈ شہریوں کے پیسے چرانے کا ایک حربہ ہے اور عوام کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
بینک کی جانب سے شہریوں کو آگاہی دینے کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی رہنمائی جاری کی گئی ہے تاکہ لوگ اس قسم کے دھوکے سے بچ سکیں۔