نیپرا کا کے الیکٹرک کے ٹیرف میں 7 روپے 60 پیسے فی یونٹ کمی کا فیصلہ

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے 7 روپے 60 پیسے فی یونٹ کمی کا حکم جاری کردیا۔

نیپرا کی جانب سے یہ فیصلہ کے الیکٹرک کے مالی سال 2024 تا 2030 کے لیے جمع کرائی گئی ملٹی ایئر ٹیرف (Multi-Year Tariff) کی نظرِ ثانی کی درخواستوں پر سنایا گیا۔

فیصلے کے مطابق، کے الیکٹرک کا اوسط ٹیرف 39.97 روپے فی یونٹ سے کم کرکے 32.37 روپے فی یونٹ مقرر کردیا گیا ہے۔

نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ فیصلہ کے الیکٹرک کے جنریشن، ٹرانسمیشن، ڈسٹری بیوشن اور سپلائی کے تمام پہلوؤں سے متعلق ہے، جبکہ رائٹ آف کلیمز سے متعلق نیپرا کا سابقہ فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔

50 ارب روپے کا بوجھ برقرار

فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ اگرچہ ٹیرف میں کمی کی گئی ہے، تاہم رائٹ آف کلیمز کی مد میں صارفین پر 50 ارب روپے کا بوجھ برقرار رکھا گیا ہے۔

نیپرا کے مطابق یہ فیصلہ کمپنی کی طویل مدتی مالی اور تکنیکی کارکردگی کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

کے الیکٹرک کا ردعمل

دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا ہے کہ کمپنی نیپرا کے فیصلے کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق، “یہ فیصلہ کے الیکٹرک کے جنریشن، ٹرانسمیشن، ڈسٹری بیوشن اور سپلائی بزنس کے متعدد پہلوؤں پر محیط ہے، اور کمپنی اس حوالے سے تمام قانونی راستے اختیار کرے گی۔”

ترجمان نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک صارفین کے مفاد اور کمپنی کے آپریشنل تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے ریگولیٹری تقاضوں کے مطابق اقدامات کرے گی۔

Related posts

تنخواہ دار طبقہ قومی خزانے کا سب سے بڑا ٹیکس دہندہ، پہلی سہ ماہی میں 130 ارب روپے جمع

اسٹیٹ بینک نے شہریوں کو دھوکہ دہی سے محفوظ رہنے کا طریقہ بتا دیا

کسان اتحاد پاکستان: اگر گندم کا ریٹ 4500 روپے فی من نہ ملا تو فصل نہیں اگائیں گے