حب: پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدے کے بعد پہلی مرتبہ امریکی خام تیل سے لدہ سب سے بڑا بحری جہاز حب کے سنرجیکو آئل ٹرمینل پر لنگرانداز ہو گیا۔
ریفائنری حکام کے مطابق یہ جہاز 10 لاکھ بیرل امریکی خام تیل لے کر پاکستان پہنچا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ بحری جہاز ایک لاکھ 35 ہزار ٹن وزنی ہے، جو اب تک پاکستان آنے والا سب سے بڑا تیل بردار جہاز قرار دیا جا رہا ہے۔
تجارتی تعاون میں نیا سنگِ میل
ریفائنری حکام کے مطابق امریکی خام تیل کی یہ پہلی بڑی کھیپ پاکستان میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے اور درآمدی تنوع میں اضافہ کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تجارتی تعلقات مضبوط ہوں گے۔
اگلے ماہ ایک اور جہاز کی آمد متوقع
ریفائنری انتظامیہ کے مطابق اگلے ماہ ایک اور امریکی خام تیل بردار جہاز پاکستان پہنچے گا۔
بیان کے مطابق موجودہ جہاز “پیگاسس” 14 ستمبر کو ہیوسٹن (امریکا) کی بندرگاہ سے روانہ ہوا تھا اور کئی ہفتوں کے سمندری سفر کے بعد حب کے ساحل پر پہنچا۔
پاکستان کی توانائی حکمتِ عملی میں اہم پیشرفت
توانائی کے ماہرین کے مطابق امریکی خام تیل کی درآمد پاکستان کے لیے معاشی تنوع، ریفائننگ استعداد میں بہتری اور عالمی مارکیٹ میں مسابقت کے حوالے سے ایک مثبت پیشرفت ہے۔
یہ اقدام پاکستان کے لیے درآمدی ذرائع میں وسعت اور توانائی کی سلامتی کے نئے امکانات پیدا کرے گا۔