اسلام آباد: حکومت نے استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد سے متعلق پالیسی میں تبدیلیوں پر غور شروع کر دیا ہے، جس کے تحت پرسنل بیگیج اسکیم ختم کرنے جبکہ گفٹ اسکیم اور ٹرانسفر آف ریزیڈنس اسکیم کو سخت بنانے کی تجویز سامنے آگئی ہے۔
وزارتِ تجارت نے اس سلسلے میں ایک سمری تیار کر کے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC) کو بھجوا دی ہے۔ سمری میں سفارش کی گئی ہے کہ بیگیج اسکیم کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے، جبکہ باقی دو اسکیموں کے قواعد و ضوابط مزید سخت کیے جائیں تاکہ ان کا غلط استعمال روکا جا سکے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق گفٹ اور ٹرانسفر آف ریزیڈنس اسکیم کے تحت گاڑیوں کی درآمد میں بے ضابطگیوں کی شکایات موصول ہو رہی تھیں، جس کے بعد سخت نگرانی اور اضافی شرائط شامل کرنے کے مختلف تجاویز زیرِ غور ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حتمی فیصلہ ECC کرے گی، جس کے بعد استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمدی پالیسی میں متوقع تبدیلیوں کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
حکومت کا مقصد استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد میں شفافیت کو یقینی بنانا اور غیر قانونی طریقوں سے ہونے والی درآمدات کو روکنا ہے.